بہار اسمبلی انتخابات میں معمولی ووٹوں کا کھیل، کئی امیدوار چند ووٹوں سے جیتے، کہیں فیصلہ آخری راؤنڈ تک معلق رہا

بہار اسمبلی انتخابات کے حتمی نتائج تقریباً سامنے آچکے ہیں اور مجموعی تصویر میں این ڈی اے دو سو سے زیادہ نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرتی نظر آ رہی ہے۔ دوسری جانب مہاگٹھ بندھن پچاس کے قریب نشستوں پر ہی سمٹ گئی۔ تاہم اس انتخاب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ رہی کہ کئی حلقوں میں مقابلہ انتہائی کانٹے کا تھا اور جیت کا فیصلہ چند ووٹوں کے فرق سے ہوا۔

سب سے کم مارجن والی جیت جے ڈی یو کے امیدوار رام چرن ساہ نے حاصل کی۔ وہ سندیش اسمبلی حلقے سے صرف 27 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے۔ انہیں مجموعی طور پر 80,598 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل آر جے ڈی کے دیپو سنگھ کو 80,571 ووٹ ملے۔ اس نشست پر جن سوراج پارٹی کو چھ ہزار سے زائد ووٹ ملے، جسے سیاسی مبصرین ووٹ کٹوا فیکٹر قرار دے رہے ہیں۔

اسی طرح اگیاؤں نشست پر بی جے پی کے مہیش پاسوان نے صرف 95 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ پاسوان کو 69,412 ووٹ ملے جبکہ سی پی آئی (ایم ایل) کے امیدوار شِو پرکاش رنجن نے 69,317 ووٹ حاصل کیے۔ آخری دو راؤنڈ میں اس حلقے پر برتری مسلسل بدلتی رہی اور نتیجہ انتہائی سنسنی خیز مرحلے کے بعد سامنے آیا۔

بلرام پور میں بھی سخت مقابلہ ہوا جہاں ایل جے پی (رام ولاس) کی امیدوار سَنگیتا دیوی نے 389 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی۔ انہیں 80,459 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل اے آئی ایم آئی ایم کے امیدوار محمد عادل حسین کو 80,070 ووٹ ملے۔ اس حلقے میں اقلیتی ووٹوں کی تقسیم نے مقابلے کو مزید پیچیدہ بنایا۔

بختیارپور سے ایل جے پی (رام ولاس) کے ارون کمار نے 981 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں 88,520 ووٹ ملے جبکہ آر جے ڈی کے انیردھ کمار نے 87,539 ووٹ حاصل کیے۔ انتخابی تجزیہ نگاروں کے مطابق یہاں مقامی سطح کے مسائل نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

بودھ گیا کی نشست بھی سخت مقابلے کا مرکز بنی رہی۔ یہاں آر جے ڈی کے کمار سرو جیت نے 881 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی۔ انہیں 1,00,236 ووٹ ملے جبکہ ایل جے پی (رام ولاس) کے شیام دیو پاسوان نے 99,355 ووٹ حاصل کیے۔

اسی طرح چنپٹیا میں کانگریس کے ابھیشیک رنجن نے 602 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، جبکہ بی جے پی کے اماکانت سنگھ کو معمولی فرق سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈھاکہ نشست پر آر جے ڈی کے فیصل رحمان نے 178 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی، جسے انتخاب کا ایک اور انتہائی قریب ترین نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

فاربس گنج میں بھی دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں کانگریس کے منوج بشواس نے 221 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مقابل بی جے پی کے ودیا ساگر کیشری تھے جنہیں 119,893 ووٹ ملے۔ ادھر جہان آباد، نبی نگر اور رام گڑھ میں بھی سخت مقابلہ آخری مراحل تک جاری رہا اور معمولی ووٹوں کا فرق ان نشستوں کا فیصلہ کرتا دکھائی دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *