سماجوادی پارٹی کے سینئر رکن اسمبلی عالم بدیع 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، اکھلیش یادو کا اظہار افسوس

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اعظم گڑھ ضلع کے نظام آباد سیٹ سے رکن اسمبلی عالم بدیع کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا ہے۔ عالم بدیع کچھ وقت قبل لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں داخل تھے، جہاں طویل علاج کے بعد آج ان کا انتقال ہو گیا۔ عالم بدیع کا انتقال اعظم گڑھ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا، انہیں محض 4 دن پہلے ہی لکھنؤ کے میدانتا سپتال سے ڈسچارج کرایا گیا تھا۔ گزشتہ پیر کو انہیں اسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد اعظم گڑھ لایا گیا تھا۔

رکن اسمبلی عالم بدیع کے انتقال کی خبر سنتے ہی ان کی رہائش گاہ پر راشٹریہ علماء کونسل کے قومی صدر مولانا عامر رشاد مدنی، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی نفیس احمد، عالم بدیع کے بیٹے مستجاب عالم بابو، گڈو جمالی کے نمائندے عبداللہ شیخ وغیرہ پہنچے۔ رکن اسمبلی عالم بدیع نے 90 سال کی عمر میں آخری سانس لی، وہ 5 مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ ان کے انتقال سے سیاسی حلقوں اور ان کے اہل خانہ کے درمیان غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے جنازے کی نماز شام 4 بجے ادا کی جائے گی۔ یہ نماز جامعۃ الرشاد میں ہوگی۔

عالم بدیع کا نظام آباد میں طویل عرصے سے دبدبہ رہا۔ وہ یہاں سے 5ویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہیں یہاں سے پہلی بار 1996 میں جیت ملی تھی۔ انہوں نے 1996 سے 2007 تک یہاں سے عوامی نمائندگی کی اور 2007 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر 2012 میں انہیں دوبارہ جیت ملی اور تب سے یہ مسلسل اس سیٹ پر انتخاب جیتتے رہے اور 5ویں مرتبہ 2022 میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی رکن اسمبلی عالم بدیع کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور اعظم گڑھ کی نظام آباد اسمبلی سیٹ سے مقبول رکن اسمبلی جناب عالم بدیع کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا ہو، دلی تعزیت۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *