پولیس لائن میں ہیڈ کانسٹیبل نے کی پھانسی لگا کر خودکشی! موت کے اسباب کی تفتیش جاری

مدھیہ پردیش میں گوالیار کے بَہوڑا پور تھانہ علاقے کی پولیس لائن میں رہائش پذیر ہیڈ کانسٹیبل دیپک شریواس نے اپنے سرکاری کوارٹر میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ فوری طور پر انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کے مطابق، ہیڈ کانسٹیبل دیپک شریواس تھاٹی پور تھانہ میں تعینات تھے اور بَہوڑا پور پولیس لائن میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتے تھے۔آخری لمحات میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کل شام ڈیوٹی سے گھر واپس آئے تھے۔ جب ان کی اہلیہ میگھا نے کھانے کے بارے میں پوچھا، تو وہ کپڑے بدل کر آنے کا کہہ کر کمرے میں چلے گئے۔ کافی دیر تک باہر نہ آنے پر اہلیہ نے دروازہ کھٹکھٹایا، مگر اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ پڑوسیوں کو بلایا گیا اور دروازہ توڑنے پر دیپک شریواس کو چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔

اہل خانہ نے انہیں فوراً اسپتال پہنچایا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔بَہوڑا پور تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ایس پی اتل سونی نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے کوئی سوسائیڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔ خودکشی کے اسباب فی الحال واضح نہیں ہو سکے ہیں۔ پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *