پہلگام دہشت گردانہ حملہ کی پہلی برسی پر جموں و کشمیر میں ہائی الرٹ، پی ایم مودی نے ہولناک واقعہ کو کیا یاد

جموں و کشمیر کے پہلگام میں گزشتہ سال 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کو آج ایک سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس حملہ کی پہلی برسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور فوج کے جوان ہر علاقہ میں سخت نگرانی رکھ رہے ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو جانکاری ملی ہے کہ دہشت گرد تنظیم کسی بڑے واقعہ کو انجام دینے کی کوشش میں ہے، اس لیے جموں و کشمیر میں فوجی اہلکاروں کی مستعدی بھی بڑھ گئی ہے۔

دراصل 22 اپریل 2025 کو پہلگام کی بیسرن وادی میں خوفناک دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ اس دوران دہشت گردوں نے سیاحوں کو ہدف بنا کر گولیاں چلائی تھیں۔ اس حملہ میں 25 سیاحوں سمیت مجموعی طور پر 26 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ اس واقعہ نے ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ حادثہ کے بعد پورے ملک میں ناراضگی کی لہر پھیل گئی تھی اور جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

پہلگام دہشت گردانہ واقعہ کو یاد کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’گزشتہ سال آج کے دن پہلگام کے ہولناک دہشت گردانہ حملہ میں جان گنوانے والے معصوم لوگوں کو یاد کر رہا ہوں۔ انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ میری ہمدردیاں ان سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اب بھی غم میں ڈوبے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ایک ملک کے طور پر ہم غم اور عزم میں متحد کھڑے ہیں۔ ہندوستان کبھی بھی کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ دہشت گردوں کے گھناؤنے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘‘

پہلگام دہشت گردانہ حملہ کو آج پورا ملک یاد کر رہا ہے اور پہلی برسی کے موقع پر ان سبھی معصوموں کو یاد کیا جا رہا ہے جو ایک سال قبل موت کی نیند سو گئے۔ پہلگام حملہ کے بعد ہندوستانی فوج نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ چلایا تھا اور دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانہ پر مہم شروع کی تھی۔ اس مہم میں زبردست کامیابی ملی تھی، کیونکہ ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں موجود کئی دہشت گرد ٹھکانوں کو ہدف بنا کر حملے کیے تھے۔ بڑی تعداد میں دہشت گردوں کی ہلاکت سے متعلق خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔

بہرحال، پہلگام حملہ کی برسی پر خفیہ ایجنسیوں نے الرٹ جاری کیا ہے۔ خاص طور سے سیاحتی مقامات پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ان علاقوں کے آس پاس کے جنگلوں میں سرچ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی دراندازی یا حملے کی سازش کو وقت رہتے ناکام کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں اور حساس مقامات پر بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ مشتبہ علاقوں اور جنگلوں میں ڈرون سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو دیکھے جانے پر فوراً کارروائی کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *