کیرالہ انتخابات LIVE: کیرالہ میں کانگریس اتحاد نکلا بہت آگے، رجحانات میں ایل ڈی ایف اور بی جے پی بہت پیچھے
کیرالہ میں کانگریس اتحاد نکلا بہت آگے
کیرالہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پڑے ووٹوں کی گنتی تیزی سے جاری ہے۔ اس ریاست میں کانگریس اتحاد ’یو ڈی ایف‘ بہت آگے نکل چکا ہے اور حکمراں اتحاد ’ایل ڈی ایف‘ کے ساتھ ساتھ بی جے پی بھی بہت پیچھے ہو گئی ہے۔ 140 اسمبلی سیٹوں میں سے ابھی تک 121 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آئے ہیں، جن میں سے یو ڈی ایف کے 78 امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ ایل ڈی ایف کے 30 اور بی جے پی 11 امیدواروں نے اس وقت سبقت بنا رکھے ہیں۔ بقیہ 3 سیٹوں پر دیگر امیدوار آگے چل رہے ہیں۔
ابتدائی رجحانات میں یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے درمیان زبردست ٹکر
کیرالہ میں سخت سیکورٹی کے درمیان جاری ووٹوں کی گنتی پر عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی ماہرین کی بھی نظر بنی ہوئی ہے۔ ابتدائی رجحانات میں یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے درمیان زبردست ٹکر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ 44 سیٹوں پر ایل ڈی ایف اور 40 سیٹوں پر یو ڈی ایف نے سبقت بنایا ہوا ہے۔ بی جے پی اتحاد اس مقابلہ میں دور دور تک دکھائی نہیں دے رہا ہے، کیونکہ اس نے ابھی محض 6 سیٹوں پر سبقت بنایا ہے۔
سخت سیکورٹی کے درمیان پوسٹل بیلیٹ کی گنتی شروع
کیرالہ میں اسمبلی کی 140 سیٹوں پر 9 اپریل کو ہوئی 78.27 فیصد کی زبردست ووٹنگ کے بعد سبھی سیاسی پارٹیاں پُرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ سخت سیکورٹی کے درمیان آج سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ پہلے پوسٹل بیلیٹ سے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے، اور تھوڑی ہی دیر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) بھی کھل جائیں گی۔