مدھیہ پردیش راجیہ سبھا انتخاب: کانگریس لیڈر میناکشی نٹراجن سپریم کورٹ پہنچیں، آج فیصلہ نہیں آیا تو…
راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف کانگریس لیڈر میناکشی نٹراجن سپریم کورٹ پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے ریٹرننگ افسر (آر او) کے فیصلہ کو اعلیٰ ترین عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فوراً کوئی جواب نہ ملنے پر کانگریس لیڈر نے سپریم کورٹ میں رِٹ عرضی داخل کرنے کا ارادہ کیا، اور اب سبھی کی نظریں عدالت عظمیٰ پر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریٹرننگ افسر اروند شرما نے ’فارم 26‘ میں تلنگانہ میں زیر التوا مقدمہ کی جانکاری نہ دینے پر ان کی نامزدگی مسترد کر دی تھی۔ آج نام واپس لینے کا آخری دن ہے۔ اگر آج اس معاملہ پر کوئی فیصلہ نہیں آیا تو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے لیے کھڑے بی جے پی کے تینوں امیدوار کامیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے وفد نے بدھ کے روز میناکشی کے ساتھ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کر اپنی بات رکھی تھی۔ حالانکہ ابھی تک الیکشن کمیشن نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ آج سپریم کورٹ میں میناکشی کی جانب سے سینئر وکیل ابھشیک منو سنگھوی معاملے کی تفصیل پیش کریں گے۔ وہ سپریم کورٹ کی تعطیلاتی بنچ سے ریٹرننگ افسر کے فیصلہ پر روک لگانے کی درخواست کریں گے۔
#BREAKING| Congress Member Meenakshi Natarajan Moves Supreme Court Against Rejection Of Rajya Sabha Candidature |@1Simranbakshi #SupremeCourt #Congress https://t.co/W74Kr7HJDP
— Live Law (@LiveLawIndia) June 11, 2026
میناکشی کا پرچۂ نامزدگی مسترد کیے جانے سے متعلق کانگریس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق صرف انہی مقدمات کا انکشاف کرنا ضروری ہوتا ہے جن میں الزامات طے ہو چکے ہوں اور 2 سال سے زیادہ قید کی سزا کی گنجائش ہو۔ کل یعنی بدھ کے روز کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور سینئر وکیل ابھشیک منو سنگھوی نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو جانبدارانہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ قانونی طور پر پوری طرح غلط ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ آج، یعنی 11 جون کو راجیہ سبھا امیدواروں کے نام واپس لینے کا آخری دن ہے۔ اگر سپریم کورٹ کی جانب سے فوری مداخلت یا کوئی فیصلہ نہیں آتا ہے تو مدھیہ پردیش کی تینوں نشستوں پر مقابلہ ختم ہو جائے گا۔ بی جے پی کے تینوں امیدوار بلا مقابلہ ہی منتخب قرار دے دیے جائیں گے۔