وزیر اعظم مودی ہندوستانی تاریخ کے سب سے بڑے نوجوان مخالف وزیر اعظم ہیں: راہل گاندھی
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو احتجاجی طلبہ پر لاٹھی چارج اور تعلیمی نظام کے معاملے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ہندوستان کی تاریخ کے سب سے بڑے نوجوان مخالف وزیر اعظم ہیں۔ اس قدر نوجوان مخالف ہیں کہ ایک ناکام وزیر تعلیم سے استعفیٰ تک نہیں لے سکتے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنی ’فیس بک‘ پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی بات رکھ رہے ہیں، ساتھ ہی مظاہرین طلبہ پر لاٹھی چارج کے مناظر بھی نظر آ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ 152پیپر لیک، 7.5 کروڑ طلبہ متاثر اور سزا ایک بھی مجرم کو نہیں۔ سزا کسے ملی؟ محنتی نوجوانوں کو۔ اور جب ان بچوں نے تعلیم کے جائز سوالات اٹھائے تو جواب میں ملی لاٹھی اور حراست۔ پیپر لیک کرنے والے مجرم آزاد اور واجب مسائل اٹھانے والے طلبہ گھسیٹے جاتے ہیں، پیٹے جاتے ہیں۔ یہ حکومت صرف نوجوانوں کو ناکام ہی نہیں کر رہی ہے بلکہ ان پر ٹوٹ پڑی ہے۔‘‘
भाजपा सरकार को बच्चों पर लाठी चलाने की जगह अपनी नीतियों और अक्षमताओं की समीक्षा करनी चाहिए। पहले NEET का पेपर लीक हुआ, परीक्षा रद्द हुई और Re-NEET में भी गड़बड़ी की खबरें आई हैं। कहा गया था कि प्रधानमंत्री खुद निगरानी करेंगे, इसके बावजूद यह सब क्यों और कैसे हो रहा है? बार-बार… pic.twitter.com/TuXIzO4s9Z
— Priyanka Gandhi Vadra (@priyankagandhi) July 20, 2026
راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی طلبہ پر لاٹھی چارج کے معاملے پر حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت کو بچوں پر لاٹھی چلانے کے بجائے اپنی پالیسیوں اور نااہلیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ پہلے نیٹ کا پیپر لیک ہوا، امتحان منسوخ ہوا اور ری-نیٹ میں بھی بے ضابطگیوں کی خبریں آئی ہیں۔ کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم خود نگرانی کریں گے، اس کے باوجود یہ سب کیوں اور کیسے ہو رہا ہے؟ بار بار اتنے پیپر لیک کیسے ہو رہے ہیں؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے اور وزیر اعظم کو ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی بات سننی چاہیے، انہیں جواب دینا چاہیے۔‘‘