اقتدار ہمیشہ کے لیے نہیں رہتا، جوابدہی ضرور طے کی جائے گی: راہل گاندھی

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پیر (20 جولائی) کو احتجاجی طلبہ پر لاٹھی چارج کیے جانے کے معاملہ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور بنیادی حق ہے، جسے طاقت کے استعمال سے دبایا نہیں جا سکتا۔‘‘ انہوں نے پولیس افسران اور سرکاری ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہندوستان کے آئین کو مقدم رکھیں، کیونکہ اقتدار ہمیشہ قائم نہیں رہتا لیکن قانون کے سامنے جوابدہی ایک ناگزیر حقیقت ہے۔

راہل گاندھی نے پیر کی رات اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر مظاہرین طلبہ کے حق میں ایک پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا کہ پرامن احتجاج ایک اٹوٹ اور بنیادی حق ہے۔ ہندوستان کے معصوم طلبہ پر حملہ کرنے کے احکامات پر آنکھیں بند کر کے عمل کرنے والے ہر پولیس افسر اور سرکاری ملازم یہ بات یاد رکھیں:

آئین ہی آپ کا مالک ہے۔

اقتدار ہمیشہ کے لیے نہیں رہتا۔
جوابدہی ضرور طے کی جائے گی۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے راہل گاندھی کی مذکورہ ’ایکس‘ پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’اس ملک کے نوجوانوں پر ڈھائے گئے مظالم کی طویل فہرست میں کل کا یہ شرمناک باب بھی شامل کر لیجیے، جب اقتدار کے اشارے پر اس ملک کے بیٹوں اور بیٹیوں پر ظلم و ستم اور تشدد کیا گیا۔ لیکن آج جو اقتدار کے حکم پر ملک کے نوجوانوں کو پیٹ رہے تھے، کل انہیں آئین کی لاٹھی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی طلبہ پر لاٹھی چارج کے معاملے پر حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت کو بچوں پر لاٹھی چلانے کے بجائے اپنی پالیسیوں اور نااہلیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ پہلے نیٹ کا پیپر لیک ہوا، امتحان منسوخ ہوا اور ری-نیٹ میں بھی بے ضابطگیوں کی خبریں آئی ہیں۔ کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم خود نگرانی کریں گے، اس کے باوجود یہ سب کیوں اور کیسے ہو رہا ہے؟ بار بار اتنے پیپر لیک کیسے ہو رہے ہیں؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے اور وزیر اعظم کو ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی بات سننی چاہیے، انہیں جواب دینا چاہیے۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *