تمل ناڈو اسمبلی انتخابات LIVE: وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے رجحانات میں لگائی سنچری
وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے رجحانات میں لگائی سنچری
تمل ناڈو میں 216 سیٹوں کے رجحانات سامنے آ گئے ہیں اور وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے رجحانات میں سنچری بھی لگا دی ہے۔ اس پارٹی کے 100 امیدوار اپنی اپنی سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہیں، جبکہ ڈی ایم کے اتحاد کے 47 امیدوار اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کے 69 امیدواروں نے برتری بنا لی ہے۔
وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ تیزی کے ساتھ جادوئی نمبر کی طرف گامزن
تمل ناڈو کی 234 رکنی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے جادوئی نمبر 118 ہے، اور اس نمبر کی طرف وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ بہت تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اب تک جن 206 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آئے ہیں، ان میں 85 سیٹوں پر ٹی وی کے امیدوار نے سبقت بنا لی ہے۔ ڈی ایم کے اتحاد نے 56 اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد نے 65 سیٹوں پر برتری بنائی ہے۔
وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ رجحانات میں سب سے آگے
تمل ناڈو میں 234 اسمبلی سیٹوں میں سے اب تک 184 سیٹوں کے رجحانات سامنے آ گئے ہیں۔ وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے سبھی کو حیران کرتے ہوئے ابتدائی رجحانات میں سبقت بنا لی ہے۔ اس کے امیدوار 82 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں، جبکہ کانگریس+ڈی ایم کے اتحاد 58 سیٹوں پر اور بی جے پی+اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 44 سیٹوں پر آگے ہے۔ اس طرح ریاست میں مقابلہ پوری طرح سہ رخی دکھائی دے رہا ہے۔ گزرتے ہوئے وقت کے ساتھ یہ مقابلہ مزید دلچسپ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
کیا تھلاپتی وجئے کو ’فلمی اسٹائل‘ میں ملے گی انٹری؟ ووٹ شماری پر سبھی کی نظریں
تمل ناڈو میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ابتدائی رجحانات میں ڈی ایم کے نے سبقت حاصل کر لی ہے، جبکہ کولاتھور سیٹ سے وزیر اعلیٰ اسٹالن پیچھے ہو گئے ہیں۔ تمل ناڈو کی 234 اسمبلی سیٹوں پر ایک مرحلہ میں 23 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی، جہاں ووٹرس میں زبردست جوش دکھائی دیا۔ ریاست میں 85 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی تھی، اور سبھی کی نظریں تھلاپتی وجئے پر مرکوز ہیں، جو سیاست میں ’فلمی اسٹائل‘ میں انٹر مارنے کے لیے بے تاب ہیں۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ وہ ’کنگ میکر‘ بن کر سامنے آتے ہیں، یا پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔