ہاپوڑ: بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں 6 لوگوں کی موت، متعدد کی حالت تشویشناک

 مغربی اتر پردیش کے ہاپوڑ سے ایک ہولناک سڑک حادثے کی خبر سامنے آرہی ہے۔ یہ حادثہ ہاپوڑ کے دھولانہ-گلاوٹی روڈ پر پیش آیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کئی دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ یہ حادثہ پیر کو علی الصبح پیش آیا۔ خبر کے مطابق بس ایک بارات سے واپس آرہی تھی۔ اس دوران وہ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 7 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کنور گیانیندر سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ دھولانہ- گلاوٹی سڑک کے قریب پیش آیا جو یہ لوگ  گلاوٹی سے ایک بارات سے واپس آرہے تھے۔  یہ سبھی لوگ ڈاسنا کے رہنے والے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 6 افراد کی موت ہوگئی۔ ایس پی نے بتایا کہ 7 زخمیوں کو راما میڈیکل کالج اور جی ایس میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ کا دھولانہ میں علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرک کو جائے وقوعہ سے ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک اب معمول پر آ گیا ہے۔

پولیس افسر کے مطابق متوفیوں کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ وہ جائے وقوعہ پر پہنچ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بس میں 12 افراد سوار تھے۔ متوفیوں میں سے ایک کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور اس کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اورحالات کا جائزہ لیا ہے۔ انتظامیہ کے موقع پر پہنچتے ہی امدادی اور بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ پولیس انتظامیہ اس معاملے میں قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ اس ہولناک حادثے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ صبح ہوتے ہی جائے وقوعہ پر بھیڑ جمع ہونا شروع ہو گئی۔ موقع کا منظر انتہائی دردناک تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *