کولکاتا کے ایک ہوٹل میں لگی خوفناک آگ، 9 بنگلہ دیشی شہریوں کی دردناک موت، کئی دیگر زخمی
مغربی بنگال کے کولکاتا میں بدھ کی علی الصبح ایک ہوٹل میں خوفناک آگ لگنے سے افرا تفری والی حالت پیدا ہو گئی۔ اس آتشزدگی واقعہ میں کم از کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 6 دیگر افراد سنگین طور پر جھلس گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے مطابق آگ لگنے کا یہ حادثہ کولکاتا واقع مرزا غالب اسٹریٹ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ علی الصبح 2 سے 3 بجے کے درمیان لگی اس آگ نے فوراً ہی خوفناک شکل اختیار کر لی، جس سے جائے وقوع پر ہی 9 لوگ ہلاک ہو گئے۔
West Bengal | 9 dead and several injured after a fire broke out in a hotel in Kolkata’s Mirza Ghalib Street around 2 am. The deceased were Bangladeshi citizens who arrived here for medical treatment: Fire department
— ANI (@ANI) August 19, 2026
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر اس آتشزدگی واقعہ سے متعلق شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے سبھی 9 لوگ بنگلہ دیشی شہری تھے۔ بیشتر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور علاج کے مقصد سے کولکاتا آئے تھے۔ ابتدائی طور پر جو جانکاری سامنے آئی ہے، اس میں پتہ چلا ہے کہ جب آگ لگی تو بیشتر لوگ نیند کی آغوش میں تھے۔ دھوئیں کا غبار اور آگ کی لپٹیں جب کچھ لوگوں نے احاطہ میں دیکھیں تو ہنگامہ مچ گیا۔ اس ہنگامہ کی آواز سن کر کئی لوگ بیدار ہوئے اور ہوٹل سے باہر کی طرف بھاگنا شروع کیا۔
آگ لگنے کے واقعہ کی خبر فوراً ہی پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤکاری کا عمل شروع کر دیا۔ فائر بریگیڈ کی فوری کوششوں کے بعد آگ پر جلد ہی قابو پا لیا گیا، حالانکہ جانی و مالی نقصان نے کئی طرح کے سوالات ضرور کھڑے کر دیے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آگ کیوں لگی۔ پولیس اور فورنسک ٹیم اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہو گئی ہے۔
STORY | At least nine dead in massive Kolkata hotel fire
At least nine people died, and six were injured in a fire at a hotel on Mirza Galib Street in central Kolkata early on Wednesday night, police said.Five fire tenders were pressed into service to douse the blaze that… https://t.co/nk6W0eU9gz
— Press Trust of India (@PTI_News) August 19, 2026
فائر بریگیڈ کے افسران نے بتایا کہ اس ہوٹل میں سیکورٹی پیمانوں کی صریح خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ ہوٹل کے اندر آگ بجھانے کا مناسب اور پختہ انتظام موجود ہی نہیں تھا۔ ہوٹل کے اندر بہت ہی تنگ گلیاں اور راستے تھے، جس کی وجہ سے آگ لگتے ہی لوگ فوراً باہر کی طرف نہیں بھاگ سکے۔ سب سے خطرناک بات یہ رہی کہ بوقت شب ہوٹل کا صدر دروازہ بند تھا۔ باہر نکلنے کا راستہ بلاک ہونے کے سبب پھنسے لوگ دھوئیں کے درمیان تڑپتے رہ گئے اور باہر نہیں نکل پائے۔ کافی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا اور اب ’کولنگ آپریشن‘ جاری ہے۔ پولیس فی الحال اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ ہوٹل کے پاس جائز این او سی تھی یا نہیں۔ لاپروائی کرنے والے منیجرس کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔