ہلدوانی ’شدھی کرن‘ معاملہ: بنگلورو پولیس نے درج کی ایف آئی آر، اتراکھنڈ بی جے پی صدر کا نام بھی شامل
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی عوامی ریلی کے بعد اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں مبینہ طور پر کیے گئے ’شدھی کرن‘ کو لے کر تنازعہ گہرا گیا ہے۔ اس معاملے میں بنگلورو کی ودھان سودھا پولیس نے اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر مہندر بھٹ اور پارٹی کے دیگر اراکین کے خلاف زیرو ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ کانگریس کے ایس ٹی شعبہ کے سابق نائب صدر ٹی آر رامپا کی جانب سے 31 اگست کو دی گئی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا۔
Bengaluru: The Vidhana Soudha Police have registered a Zero FIR against Uttarakhand BJP members and others for allegedly conducting a purification ritual at Haldwani’s Ramlila Ground after Congress president Mallikarjun Kharge addressed a rally there. It is alleged that on August…
— ANI (@ANI) September 5, 2026
شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 8 اگست کو ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں ملکارجن کھڑگے نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اس کے 2 دن بعد 10 اگست کو بی جے پی کے کچھ عہدیداروں اور کارکنوں نے اسی مقام پر مبینہ طور پر ’شدھی کرن‘ کی رسم ادا کی۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ اس مبینہ رسم کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ درج فہرست ذات برادری سے تعلق رکھنے والے کھڑگے کی موجودگی سے ریلی کا مقام ناپاک ہوگیا تھا اور اس لیے اسے مذہبی طریقے سے ’شدھی کرن‘ (پاک کرنا) ضروری تھا۔
شکایت میں اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر مہندر بھٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مبینہ ’شدھی کرن‘ پروگرام کا دفاع اور حمایت کی۔ پولیس نے بتایا کہ قانونی رائے لینے کے بعد 4 ستمبر کو معاملہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ اور شہری حقوق کے تحفظ کے قانون کی متعلقہ دفعات لگائی گئی ہیں۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق زیرو ایف آئی آر کسی بھی تھانے میں درج کی جاسکتی ہے، خواہ مبینہ جرم اس تھانے کی علاقائی حدود میں نہ ہوا ہو۔ بعد میں معاملہ متعلقہ پولیس تھانے کو بھیجا جاسکتا ہے۔