موسم کا حال: 18 ریاستوں میں شدید بارش کی پیشین گوئی، محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ

محکمۂ موسمیات نے اگلے 3-4 دنوں تک ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون کے فعال رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وسطی ہندوستان، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کی 18 ریاستوں میں آج شدید بارش کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے، اور اس بارے میں بھی محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے۔ 22 سے 25 جولائی تک بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج مغربی بنگال، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، تلنگانہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر، بہار، جھارکھنڈ، ہریانہ، کیرالہ اور اڈیشہ سمیت 18 ریاستوں میں موسلادھار بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ اس دوران 30-60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

آئی ایم ڈی کی طرف سے راجدھانی دہلی میں آج گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ دہلی میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 ڈگری اور کم سے کم 23 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔ پورے دن عام طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ تاہم 23 جولائی سے موسم کچھ بدلنے کی توقع ہے۔ 24 اور 25 جولائی کو کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اتر پردیش کے میرٹھ، شاملی، باغپت، بجنور، آگرہ، متھرا، رام پور، بریلی، علی گڑھ، جھانسی، للت پور، جالون، ہمیرپور، مہوبا، باندا، چترکوٹ، کوشامبی، پریاگ راج، مرزا پور، سونبھدر سمیت کئی اضلاع میں محکمۂ موسمیات نے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آج مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں شدید بارش کا الرٹ ہے، جبکہ مشرقی اتر پردیش میں 23-24 جولائی کے دوران بارش اور 26-27 جولائی کو شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مغربی اتر پردیش میں 25-27 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمۂ موسمیات نے بہار کے کئی علاقوں میں بھی اگلے 24-48 گھنٹوں کے دوران طوفانی آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے پٹنہ، روہتاس، نوادہ اور کیمور سمیت ان اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے جہاں شدید بارش کا امکان ہے۔ بہار کے 13 اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جن میں پٹنہ، گیا، روہتاس، نوادہ، کیمور، اورنگ آباد، جہان آباد، بکسر، سارن، سیوان، ویشالی، سمستی پور اور بیگوسرائے شامل ہیں۔

اتراکھنڈ کے دہرادون، نینی تال، ٹہری گڑھوال، چمولی، رودرپریاگ، اترکاشی، پتھورا گڑھ، باگیشور، الموڑا اور چمپاوت سمیت کئی اضلاع میں محکمۂ موسمیات نے 22 سے 27 جولائی کے دوران درمیانی سے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے اس دوران گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ہماچل پردیش میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج چمبا، کانگڑا، کُلو، منڈی، سولن، کنور اور سرمور اضلاع میں انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ ریاست میں 22 سے 27 جولائی تک کئی مقامات پر شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *